نئی دہلی، 22 مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ اور ان کی اہلیہ قریب 10 کروڑ روپے کی آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں آج یہاں کی ایک خصوصی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کے لئے درخواست دی۔مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) نے سنگھ، ان کی بیوی پرتیبھا اور اس کیس کے دیگر ملزمان کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواست کا جواب دینے کے لئے عدالت سے کچھ وقت مانگا تھا جس کی وجہ سے جج نے معاملے پر بحث کے لئے 29 مئی کی تاریخ مقرر کر دی۔سی بی آئی کے 500 صفحات کی چارج شیٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ مرکزی وزیر رہنے کے دوران سنگھ نے اپنی کل آمدنی سے تقریبا 10 کروڑ قیمت زیادہ کی جائیداد جمع کی۔سنگھ اور آٹھ دیگر لوگوں کے خلاف جعل سازی اور بدعنوانی کے معاملے کی آخری رپورٹ میں 225 گواہوں کے بیان اور 442 دستاویزات بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں ایل آئی سی ایجنٹ آنند چوہان کو بھی ملزم بنایا گیا ہے، وہ فی الحال عدالتی حراست میں ہے۔ چوہان کوانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے گزشتہ سال نو جولائی کومنی لانڈرنگ کے ایک اور کیس میں گرفتار کیا تھا۔اس معاملے کو سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ میں منتقل کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے چھ اپریل 2016 کو سی بی آئی سے کہا تھا کہ وہ سنگھ کو گرفتار نہیں کرے۔ کورٹ نے سنگھ کو تحقیقات میں شامل ہونے کی ہدایت دی تھی۔